کراچی میں کورنگی عوامی کالونی پولیس کو تین بچے ملے ہیں، بچے اپنا پتہ لاہور کا بتاتے ہیں، بچوں کی عمریں تین سے آٹھ سال کے قریب ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کورنگی سنگر چورنگی سے تین بچے ملے ہیں، بچے اپنا نام آمنہ، طلحہ اور زینب جبکہ عمر آٹھ چھ اور تین سال بتاتے ہیں۔
بچے اپنا پتہ لاہور بھاٹی گیٹ اونچی گھاٹی پرانی سبزی منڈی کے پاس بتا رہے ہیں، جبکہ باپ کا نام علی اکبر، ماں کا نام شازیہ اور چچا کا نام عابد بتا رہے ہیں۔
بچوں کا کہنا ہے کہ لاہور سے اپنے ماں باپ کے ساتھ کراچی آئے تھے، ٹرین سے چائے لینے کے لئے نیچے اترے تھے اس دوران ٹرین چلی گئی۔
بچوں کو ایدھی ویلفیئر کے حوالے کردیا گیا ہے، بچوں کے اہلخانہ کورنگی عوامی کالونی پولیس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔