عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما غلام احمد بلور نے پارلیمانی سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں چلا ہوا کارتوس ہوں، نہ اسمبلی رکن ہوں، نہ پارٹی میں کوئی عہدہ ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد بلور نے کہا کہ ان کو ہماری ضرورت نہیں اس لیے پشاور سے جا رہے ہیں، پشاور میرا گھر ہے لیکن حالات ایسے ہیں کہ مجبوری میں جارہا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ کم از کم میری عمر کا لحاظ کرنا چاہیے تھا، میں دفن پشاور میں ہی ہوں گا، میں بڑی مضبوط پارٹی چھوڑ کر جا رہا ہوں، اے این پی کو فیصلہ کرنا ہے میری سیٹ پر ٹکٹ کسے دینا ہے۔
غلام احمد بلور نے کہا باچا خان اور ولی خان کے انتقال کے بعد بھی ساتھی ہوں، ہم نے دو جنازے اٹھائے ہیں، مجھ پر دو بار حملے ہوئے۔
انھوں نے کہا میں پشاور چھوڑنے سے پہلے میڈیا کے ذریعے پیغام دینا چاہتا ہوں، پاکستان کے شاہینوں نے دشمن کو جواب دیا، بھارت کو شکست دی لیکن وہ معاشی طور پر مستحکم ہیں۔
غلام احمد بلور نے کہا کہ ملک کو مارشل لاء نے نقصان پہنچایا، پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے، معلوم نہیں ٹرمپ نے کیوں عزت دی۔
سینئر اے این پی رہنما کا مزید کہنا تھا ہمیں عزت دے کر شاید امریکا ایران پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔