پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔
صوابی میں پریس کانفرنس کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پمز اسپتال منتقلی کی اطلاعات سامنے آ رہی تھیں، وزراء بانی چیئرمین کی صحت سے متعلق مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کی ملاقات نہیں کرائی گئی، ایک ملاقات سے کیا فرق پڑ جاتا اگر وہ اپنے لیڈر سے مل لیتے؟
اسد قیصر نے مزید کہا کہ صوابی کے عوام سے امید ہے کہ وہ کل بھرپور طریقے سے نکلیں گے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے نمائندے خود منتخب کریں یا فیصلے دفتروں میں ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام سے ووٹ کا حق چھینا گیا تو جمہوریت اور پارلیمنٹ کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟ ہماری جدوجہد عوامی حقوق، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے، کوئی ایک قانون بتا دیں جو عوام کے مفاد میں پاس کیا گیا ہو۔