ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف متنازع ٹوئٹس کیس میں عدالت نے فیصلے میں ایران و دیگر ممالک سے متعلق پیراگراف حذف کرنے کا حکم دیا ہے۔
انسداد الیکٹرانک کرائم ایکٹ کی عدالت اسلام آباد کے جج افضل مجوکا نے استغاثہ کی درخواست پر حکم جاری کر دیا۔
فیصلے کے پیرا نمبر 36 میں موجود غلطی کی درستگی کے لیے استغاثہ نے درخواست دائر کی، غلطی سے چار ممالک کا نام فیصلے میں لکھا گیا۔
فیصلے کے مطابق اسٹینوگرافر نے تحریری جواب میں بتایا کہ یہ جملہ دیگر چند جملوں کے ساتھ فیصلے کی تصحیح کے دوران حذف کر دیا گیا تھا۔ جملہ حتمی پرنٹ کے وقت غلطی سے دوبارہ فیصلے میں شامل ہو گیا۔
فیصلے کے مطابق اسٹینوگرافر کی غلطی میں بدنیتی شامل نہیں تھی۔ عدالت نے جملے کو حذف کرنے کا حکم دیا۔ درخواست کو مرکزی کیس کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے مطابق موجودہ مقدمے میں مذکورہ جملے کی کوئی قانونی حیثیت یا فریقین کے حقوق کے تعین سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔
فیصلے کے مطابق 561 اے کے تحت عدالت اختیارات استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ پر موجود واضح غلطی کی درستگی کرسکتی ہے۔