پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے بانی چیئرمین کے چیک اپ کےلیے نجی اسپتال کے 2 ڈاکٹرز کے نام دے دیے۔
سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی نے احتجاجی دھرنا دیا، چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسپتال منتقلی سے پہلے بانی کے ذاتی معالج یا گھر والوں کو نہ بتانا بہت بڑی غلطی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین سے متعلق معاملات کو خفیہ رکھنا اور پھر متضاد بیانات دینا جلتی پر تیل ڈالنا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کےلیے نئی درخواست دائر کردی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے عوام کو آگاہ نہ کرنا تشویشناک بات ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کو اپنے آپ پر یقین نہیں تو بانی پی ٹی آئی پر کیا یقین دہانی کروائیں گے، حکومت سے کوئی ٹی او آرز طے نہیں ہوئے، سب افواہیں ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ بانی سے ملاقات، اُن کی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانتوں سے متعلق درخواستیں دائر ہیں لیکن انہیں مقرر نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ 2 اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز تاحال مقرر نہیں ہوئے ہیں۔