وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ قیدی نمبر 804 کے پیچھے گھوم رہا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 8 فروری کو پی ٹی آئی کو 9 مئی دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ قیدی نمبر 804 کے پیچھے گھوم رہا ہے، اُس کے پاس عوام اور اُن کے مسائل کےلیے وقت ہی نہیں ہے۔
انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ صوبے میں لوگ شام کے بعد گھروں سے نہیں نکل سکتے، پختونوں کو سیاست کےلیے استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہمارے لوگ بارود پر بیٹھے ہیں، وہ محب وطن ہیں، ترقی چاہتے ہیں جبکہ صوبے کی 13 سالہ حکومت نے انہیں ڈبو دیا ہے۔
امیر مقام نے یہ بھی کہا کہ پختون دلیر بہادر لوگ ہیں پاکستان کے محافظ ہیں، تحریک انصاف کا فراڈ ایجنڈہ ختم ہوگیا ہے، صوبے میں جلد نواز شریف کے نظریے کے مطابق حکومت قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریکارڈ ترقی ہورہی ہے بچوں کو لیب ٹاپ مل رہے ہیں، پختون بھی پنجاب جیسی حکومت مانگ رہے ہیں، لوگ چاہتے ہیں کے پی میں بھی زراعت یونیورسٹیاں ترقی کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے نہیں رہے، صوبائی حکومت کے پاس بھوک فراڈ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، یہ پہلا کے پی وزیر اعلیٰ ہے جو اپنی حکومت میں احتجاج کرتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کام کے بجائے کبھی لاہور کبھی اسلام آباد گھومتا ہے، قیدی 804 اندر ہی رہے گا، مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، 8 فروری کو چلے کارتوس جیسا احتجاج ہوگا اسے ہم دیکھ لیں گے۔
امیر مقام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے ہیں، کے پی میں نہ اسکول نہ اسپتال اور نہ ہی یونیورسٹی بنائی گئی، وزیر اعلیٰ کا کوئی ایجنڈا پورا نہیں ہوگا۔