سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رات گئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جن میں سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام حملے ناکام بنا دیے، سیکیورٹی فورسز کا مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطالاعات ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حملے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی میں 37 دہشت گرد جہنم رسید کیے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک ملانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے حملے ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 10 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر ناز ہے، جام شہادت نوش کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔