• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیٔ پی ٹی آئی خیریت سے اور ٹھیک ہیں: مصطفیٰ کمال

مصطفیٰ کمال—فائل فوٹو
مصطفیٰ کمال—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی خیریت سے اور ٹھیک ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کو جناح اسپتال نہیں دیا، ہم نے سندھ حکومت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر کرنے کی کوشش کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ شہر یتیم نہیں ہے ہم نے اپنے حصے کا قرض ادا کیا ہے، پاکستان اس شہر کی وجہ سے چل رہا ہے۔

وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے 27 ویں آئینی ترمیم پر ہمیں یقین دہانی کروائی تھی، آئینی ترمیم صرف کراچی تک محدود نہیں، اندرونِ سندھ کے لیے بھی اختیارات مانگے، 27 ویں آئینی ترمیم میں سارے وفاقی وزراء نے ہماری ترمیم سے اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں بھی یہی مطالبہ رکھا مگر پیپلز پارٹی نہیں مانی، پنجاب اسمبلی نے بھی ایم کیو ایم کی باتوں کو اپنی قرارداد کا حصہ بنایا، اسٹینڈنگ کمیٹی میں دو دن ہماری ترمیم زیرِ بحث رہی صرف پیپلز پارٹی راضی نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں گٹر میں گر کر بچے مر رہے ہیں، میرے شہر کی ہر دوسرے دن کی خبر ہے کہ موبائل چھینتے ہوئے ڈاکوؤں نے بندہ مار دیا، کراچی میں جب چھوٹا موٹا کام شروع ہوا وزیرِ اعلیٰ نے لیٹر لکھ کر کام بند کروا دیا، جو سندھ حکومت 18 سال میں ہمیں اون نہیں کر سکی وہ آگے کیا کرے گی؟

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کے آئین میں ہے کہ صوبہ مسائل حل کرنے میں ناکام ہو تو وفاق مداخلت کر سکتا ہے، اس امن کو قائم رکھنے کے لیے ہم نے بڑی قربانی دی ہے، کسی کو گمان نہ ہو کہ یہ شہر یتیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے نپاہ وائرس پر الرٹ جاری کیا ہے، پاکستان ابھی نپاہ وائرس سے محفوظ ہے، لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

قومی خبریں سے مزید