• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: نادرا کے زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی—فائل فوٹو

کراچی میں نادرا کی جانب سے ایک شہری کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا۔

ترجمان کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں 24 گھنٹے اوپن نادرا سینٹر ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں نے تاخیر سے باری آنے کی شکایات کیں۔

اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے شہریوں کو مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے احکامات دیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سسٹم کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے، تاخیر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کریں گے۔

ترجمان کے مطابق وہاں موجود ایک شہری نے بتایا کہ ان کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

شہری کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے حکام کو دستاویزات کو موقع پر ہی درست کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک خاتون نے شناختی کارڈ پر نام کے غلط اندراج کی شکایت کی، جس پر وفاقی وزیر ِ داخلہ نے انچارج نادرا سینٹر کو بغیر اضافی فیس کے نام کی درستگی کی ہدایت کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر گئے، عملے سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ شہریوں کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے، بار بار چکر لگوانے کی بجائے ایک ہی وزٹ میں کام کو یقینی بنایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید