امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے 14 فروری سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
شاہراہ فیصل پر جینے دو کراچی کو مارچ سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نہ ہی بلاول بھٹو میں سے کوئی بھی گل پلازا آیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور بلاول زرداری کراچی میں رہتے ہیں، لیکن وہ بھی گل پلازا نہیں آئے، وزیراعظم شہباز شریف زخموں پر مرہم رکھنے کراچی نہیں آئے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے، ہمیں قبضے کا یہ نظام ختم کرنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ گل پلازا پر کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، کراچی کے لوگ آگ میں جل رہے تھے آج تک وزیر اعظم نہیں آئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنی ذات کے لیے کچھ نہیں چاہیے، شہر کو وفاق کے حوالے کرنا کوئی حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، شہروں میں قبضے کو ختم کرنا ہوگا، 14 فروری سے سندھ اسمبلی پر تاریخی دھرنا دیں گے اور اختیار لے کر اٹھیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی میں سرکلر ریلوے تباہ کردی، اتنے بڑے شہر کا کوئی ماسٹر پلان نہیں ہے، سانحہ گل پلازا کی تحقیقات چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے کرائی جائے۔