پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ایک نیا سنگ میل اس وقت عبور کیا جب انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس طرح انہوں نے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے پاس طویل عرصے سے موجود ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
31 سالہ بابر اعظم نے آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کینگروز کے خلاف اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے ناقابل شکست 50 رنز 36 گیندوں پر مکمل کی تو یہ انکی 39ویں ففٹی تھی، جس میں چار چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔
اس سے قبل سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں 38 نصف سنچریاں بنائیں۔
اس فہرست میں تیسرا نمبر سابق بھارتی کپتان روہت شرما کا ہے جنہوں نے 37 جبکہ چوتھا نمبر پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا ہے جنہوں نے 31 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 29 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔
انہوں نے 139 اننگز میں39.51 کی متاثر کن اوسط اور 128.38 کی اسٹرئیک ریٹ سے 4505 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 39 نصف سنچریوں کے علاوہ 3 سنچریاں بھی شامل ہیں۔