وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بانیٔ پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی یا بہنوں سے ملاقات کے حوالے سے کسی قسم کی بات نہیں ہوئی، کسی سیاسی معاملے پر بھی بات نہیں ہوئی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے قبائلی اضلاع میں 26 سو ارب روپے رکے ہیں، وزیرِ اعظم نے پیسے جاری کرنے کی ہدایات کر دی ہیں، 5 ہزار 300 ارب روپے سے متعلق آئی ایم ایف کی رپورٹ چارج شیٹ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تیراہ، کرم، باجوڑ کے جو لوگ قربانی دے رہے ہیں ان کے لیے 4 ارب روپے بہت تھوڑی رقم ہے، جو لوگ قربانی دے رہے ہیں ان کے لیے 4 ارب روپے کی رقم کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا نہ کوئی صوبہ اور نہ ہی ملک ہوتا ہے، عید کے بعد وزیرِ اعظم سے پھر ملاقات ہو گی اور دہشت گردی پر بات ہو گی، ہم پہلے سے کھل کر بات کر رہے ہیں اور اپنا مؤقف دے رہے ہیں۔