• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم سے سہیل آفریدی کی ملاقات، صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر تحفظات سے آگاہ کیا

تصویر بشکریہ جیو نیوز
تصویر بشکریہ جیو نیوز

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی، جس میں خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی ملاقات 1 گھنٹے تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تحفظات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں وفاق کے ذمے واجبات کی ادائیگی اور تیرا کی تازہ صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ، وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، خیبر پختون خوا کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم شریک تھے۔

وزیرِاعظم سے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات کا اعلامیہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم نے عوام کی ترقی وخوش حالی کے لیے وفاقی وصوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت انسدادِ دہشت گردی کے لیے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی، خیبر پختون خوا میں قیامِ امن اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کو آئینی ذمے داری نبھانی چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے، صحت وتعلیم کے لیے خیبر پختون خوا کے عوام کے لیے اقدامات کیے جائیں، وفاقی حکومت خیبر پختون خوا کے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی، وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختون خوا میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، مشاورت، اشتراک کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے بتایا تھا کہ مجھے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے آج ملاقات کی دعوت ملی ہے۔

قومی خبریں سے مزید