وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی، اصلاحات میں عالمی بینک گروپ کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت ایسی جامع انتظامی اصلاحات پر کار بند ہے جو روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دیں۔
وزیرِ اعظم نے انفرااسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے عالمی بینک کی معاونت کی تعریف کی، عالمی بینک گروپ کے صدر کی حیثیت سے اجے بنگا کے پہلے سرکاری دورے پر ان کا خیر مقدم کیا اور عالمی بینک گروپ کو مزید مؤثر ترقیاتی شراکت دار بنانے میں اجے بنگا کی قیادت کو بھی سراہا۔
عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے پر تپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیرِاعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور حکومتِ پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہا۔
صدر عالمی بینک نے ون ورلڈ بینک گروپ کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔