مارشل آرٹ آئیکون جیکی چن نے اپنی وفات کے بعد ریلیز ہونے والے منصوبے سے پردہ اُٹھا دیا۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ بعد از موت جاری ہونے والا الوداعی گانا ریکارڈ کر لیا ہے، انہوں نے اسے دنیا کے نام اپنا آخری پیغام قرار دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 71 سالہ مارشل آرٹ آئیکون نے یہ انکشاف بیجنگ میں اپنی نئی ڈرامہ فلم ان ایکپیکٹڈ فیملی Unexpected Family کے پریمیئر کے موقع پر کیا۔
جیکی چن نے حاضرین سے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں قریبی دوستوں اور عزیزوں کی وفات نے زندگی کے بارے میں میرے نقطۂ نظر کو بدل کر رکھ دیا ہے۔
جیکی چن نے کہا کہ انہی تجربات نے مجھے اپنی باتیں کھل کر کہنے اور حال میں جینے کی ترغیب دی، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ جو کچھ کہنا ہے، وہ ابھی کہنا چاہیے اور جو کچھ کرنا ہے، فوراً کر لینا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے آخری خیالات میں نے ایک گانے کی صورت میں محفوظ کر لیے ہیں، جو ریکارڈ تو ہو چکا ہے لیکن اہلِ خانہ اور مینجمنٹ کی خواہش پر اس گانے کو فی الحال جاری نہیں کیا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گانا میری زندگی میں خفیہ ہی رہے گا، تاہم میرے انتقال کے دن اسے منظرِ عام پر لایا جائے گا۔
پریمیئر کے دوران جب حاضرین نے ان سے گانے کا کوئی حصہ سنانے کی درخواست کی تو جیکی چین نے مسکراتے ہوئے انکار کر دیا اور کہا کہ ایسا کرنے سے لوگ رو پڑیں گے۔