ہالی ووڈ کے مشہور اداکار اور مارشل آرٹس کے ماہر جیکی چین نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث فلسطینی بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کیا ہے۔
جیکی چین نے حال ہی میں اپنے نئے پروجیکٹ کی پروموشن کے دوران ایک انٹرویو میں فلسطینی بچوں کی ویڈیو دیکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی بچوں کی ویڈیوز دیکھ کر میری آنکھیں بھر آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں، میں نے ایک ویڈیو دیکھی، جسے دیکھ کر میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں فلسطینی بچے سے جب پوچھا گیا کہ وہ بڑا ہو کر کیا بنے گا؟، تو اس بچے نے جواب دیا کہ ہمارے علاقے کے بچے بڑے نہیں ہوتے۔
ہالی ووڈ اسٹار نے کہا کہ ہر روز بمباری کی زندگی دکھاتی ہے کہ بڑھنا بھی ایک نعمت ہے، ان لوگوں کو مبارکباد جو بچپن سے بڑھاپے تک پہنچ سکے۔
رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2023ء میں شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں اب تک 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان میں 30 فیصد بچے، تقریباً 16 فیصد خواتین اور 54 فیصد مرد شامل ہیں۔