• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد حزب اختلاف کا وزیراعظم کو خط، بانی کا طبی معائنہ ذاتی ڈاکٹروں سے کروانے کا مطالبہ

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ ذاتی ڈاکٹروں سے کروانے کا مطالبہ کردیا۔ 

خط کے متن میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے، ان کا طبی معائنہ شوکت خانم اور شفا اسپتال کے ڈاکٹروں سے کروایا جائے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے خط میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی ڈاکٹروں کے نام بھی تجویز کردیے جن میں ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر مظہر اسحاق اور ڈاکٹر عامر اعوان شامل ہیں۔ 

واضح رہے کہ یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان میں آنکھوں کی ایک سنگین بیماری کی تشخیص ہوئی ہے جسے سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن (CRVO) کہا جاتا ہے۔

یہ عارضہ عموماً عمر رسیدہ افراد میں پایا جاتا ہے اور اس کا تعلق دل اور خون کی نالیوں سے جڑے خطراتی عوامل جیسے ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی زیادتی، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں سے ہوتا ہے۔

ماہرینِ چشم کے مطابق CRVO اس وقت ہوتا ہے جب ریٹینا (آنکھ کے پردے) سے خون واپس لے جانے والی مرکزی رگ، جسے سینٹرل ریٹینل وین کہا جاتا ہے، بند ہو جاتی ہے، جو عموماً خون کے لوتھڑے (clot) کے باعث ہوتا ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید