• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور قازقستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کا مشترکہ اعلامیہ

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

پاکستان اور قازقستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اسلام آباد سے دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق قازقستان کے صدر نے 23 برس بعد پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، دورے کو پاک قازق تعلقات میں تاریخی سنگ میل قرار دیا گیا۔  

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور قازقستان نے سیاسی، دفاعی اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔  

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے یو این چارٹر، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔  

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں نے نائب وزرائے اعظم اور وزرائے خارجہ کی سطح پر 2 سالہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور آپس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا اور اس کے لیے مشترکہ کمیشن اور بزنس کونسل کے کردار کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا۔  

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے منشیات اسمگلنگ اور سائبر جرائم کے خلاف بھی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ 

 دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور قازقستان نے مشترکہ فوجی مشقوں، تربیت اور دفاعی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ قازقستان نے سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار اور کثیرالجہتی سفارتکاری کی کوششوں کو سراہا۔  

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے ٹرانس افغان ریلوے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وسطی اور جنوبی ایشیا کو ملانے والے کثیرالجہتی ٹرانسپورٹ کوریڈورز پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان اور قازقستان نے براہ راست فضائی پروازیں بحال کرنے کے امکان پر غور کا فیصلہ کیا اور تعلیم، سائنس اور آئی ٹی کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے طلبہ و اساتذہ کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔  

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قازق طلبا کو پاکستان آنے کی پیشکش کی۔ ثقافت، میڈیا، کھیل اور سیاحت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور عوامی روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔  

پاکستان اور قازقستان نے گلیشیئرز کے تحفظ اور ماحولیاتی تعاون کو اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم ستون قرار دیا۔ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت پر زور دیا۔  

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور افغانستان میں استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ قازقستان کے صدر نے پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے گرمجوش مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا۔  

دفتر خارجہ کے مطابق  قازقستان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو قازقستان کے دورے کی دعوت دی۔ 

قومی خبریں سے مزید