پونا میں ملتانی بیکری کے مالک نے ایک بلند عمارت سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔ 60 سالہ سنیل موتی لال سدارنگانی معروف کاروباری شخصیت اور ریاست مہاراشٹر کے شہر شولاپور کی مشہور ملتانی بیکر کے مالک تھے۔
وجے پور پولیس کے مطابق انھوں نے بدھ کو پونا میں واقع ایک بلند رہائشی عمارت کی 17ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی۔ عینی شاہدین نے انہیں خود کشی سے قبل عبادت کرتے دیکھا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق سدارنگانی عمارت میں پہنچے اور لفٹ استعمال کرنے کے بجائے سیڑھیاں چڑھ کر 17ویں منزل تک گئے۔ رہائشیوں نے اسے چھت پر ہاتھ جوڑے اور دعا کرتے ہوئے کھڑا دیکھا تو فوراً عمارت کے سیکیورٹی عملے کو اطلاع دی۔
جس پر سیکیورٹی گارڈ فوری طور پر اوپر گیا اور سدارنگانی کو نیچے آنے پر راضی کیا۔ تاہم پولیس کے مطابق نیچے آنے کے بعد سدارنگانی نے گارڈ کو بتایا کہ وہ اپنی چابیاں چھت پر بھول آیا ہے۔ اس بہانے سے وہ دوبارہ 17ویں منزل پر گیا اور عمارت سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اسپتال منتقل کی اور حادثاتی موت کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ خودکشی کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکی اور نہ ہی سوسائیڈ نوٹ برآمد ہوا۔