آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے نیپال کو 4 رنز سے شکست دے دی۔
ایونٹ کے ابتدائی میچز میں ایسوسی ایٹ ٹیموں کی جانب سے ٹیسٹ پلیئنگ ممالک کو چیلنج کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مرتبہ نیپال کی ٹیم انگلینڈ کےلیے ڈراؤنا خواب بنی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 184 رنز بنائے اور نیپال کو جیت کےلیے 185رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کے جیکب بیتھل نے 55 اور کپتان ہیری بروک نے 53 رنز کی اننگز کھیلیں، نیپال کے دیپندرا سنگھ اور نندن یادیو نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں نیپال کی ٹیم نے انگلینڈ کو ہر حربہ استعمال کرنے پر مجبور کرتے ہوئے مقابلے کو سنسنی خیز بنادیا جہاں وہ مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا کر صرف 4 رنز سے شکست کھاگئی۔
روہت پاؤڈیل اور دیپیندر سنگھ آئری نے انگلینڈ کے خلاف 82 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا تھا، دیپندرا سنگھ ایری 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
دونوں بلے بازوں نے خاص طور پر عادل رشید کی گیندوں پر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے شاٹس کھیلے اور نیپال کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
تاہم سیم کرن کی آف کٹر پر دیپیندر سنگھ آئری کیچ آؤٹ ہو گئے، جبکہ کچھ ہی دیر بعد روہت پاؤڈیل لیام ڈاسن کی گیند پر ڈیپ میں کیچ دے بیٹھے۔ ان دو وکٹوں کے گرنے سے نیپال کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے اختتامی اوورز میں نیپال کو کم وقت میں زیادہ رنز درکار تھے، مگر نئی بیٹنگ جوڑی ہدف کے تعاقب کو جاری نہ رکھ سکی۔
خیال رہے کہ نیپال اپنے گروپ کے تمام 4 میچ وانکھیڑے میں کھیلے گا، جہاں ممبئی میں موجود ہزاروں نیپالی شائقین کی حمایت بھی حاصل ہو گی۔
کپتان پاؤڈیل کا کہنا تھا کہ ایشیائی کنڈیشنز میں کھیلنا نیپال کے لیے ہمیشہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔
دوسری جانب ایک اور میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹ سے مات دی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔