گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے علاج کی حمایت کردی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ہونا چاہیے، اگر کوئی چیز ہے تو وہ ڈاکٹر ہی بہتر سمجھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کہا تھا کہ 8 فروری کو لانگ مارچ نہیں ہوگا، بتایا جائے کیا لانگ مارچ یا دھرنوں سے کسی کو آزادی مل سکتی ہے؟
گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین کی صحت سے متعلق رپورٹ کل سامنے آئی، معاملات کا حل بات چیت سے نکالا جائے، صحت کی سہولیات فراہم ہونی چاہئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی میٹنگ پر خوشی ہوئی ہے، انقلاب کے لیے قربانی دینا پڑتی ہے، کسی قسم کی ڈیل کی باتوں میں صداقت نہیں دیکھتا۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ تحفظات اور مسائل ہیں تو وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وزیراعظم کو فون کرکے براہ راست رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور صدر کی ملاقات میں تحفظات پر بات ہوئی، اختلافات دور ہو جاتے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی روایت نہیں رکھتی۔