ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کے تجربے کار بیٹر بابر اعظم کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کل کولمبو میں میچ شیڈول ہے۔
اس میچ سے متعلق بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ہی بہت زیادہ شدت والا ہوتا ہے، ناصرف دونوں ممالک کے لوگ بلکہ پوری دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہیں جس کی وجہ سے میچ ایک مختلف لیول پر چلا جاتا ہے اور کھلاڑیوں سے توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایسے بہت سے میچز کا حصہ رہا ہوں اور میں نے یہ سیکھا ہے کہ اس میچ کے لیے جتنا خود کو پُرسکون رکھیں گے اور باہر کی آوازوں پر توجہ دینے کے بجائے میچ پر فوکس رکھیں گے تو اتنا اچھا پرفارم کر پائیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ البتہ اس میچ کا جوش ہوتا ہے لیکن کھلاڑی جتنا خود کو ٹینشن فری رکھیں گے اتنا ان کے لیے اچھا ہے۔
اس میچ کے حوالے سے سری لنکا کے محکمۂ موسمیات نے کولمبو میں بارش کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے۔
دوسری جانب شائقینِ کرکٹ پُرامید ہیں کہ اتوار کے روز ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔