• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: بادشاہ چارلس کے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈزر گرفتار

تصویر بشکریہ رائٹرز
تصویر بشکریہ رائٹرز

برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے بھائی شہزادہ اینڈریو کو سرکاری عہدے میں بدعنوانی کے شبے میں گرفتار کرلیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس مشرقی انگلینڈ میں واقع اینڈریو کی رہائش گاہ پہنچی، جہاں 6 بغیر نشان والی پولیس کی گاڑیاں دیکھی گئیں۔ 

مزید بتایا گیا کہ آج صبح سینڈرنگھم اسٹیٹ میں واقع رہائش گاہ پر 8 سادہ لباس اہلکار بھی پہنچے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

 رپورٹس کے مطابق اینڈریو پر جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو خفیہ سرکاری دستاویزات فراہم کرنے سے متعلق الزامات کا جائزہ لیا جا رہا تھا، اینڈریو ماؤنٹ بیٹن مسلسل کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کررہے ہیں۔

اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈزر نے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ہے، تاہم انہوں نے ایپسٹین سے دوستی پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

ایپسٹین فائلز کی حالیہ کھیپ سامنے آنے کے بعد اینڈریو نے تبصرے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 قانون سے کوئی بالاتر نہیں: وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں، اصول بہت اہم ہیں ان کا اطلاق اس کیس میں بھی ہونا چاہیے، اطلاق ویسے ہی ہونا چاہیے جیسے کسی دوسرے کیس میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے بنیادی اصول ہیں کہ قانون سب  کے لیے برابر ہے اور کوئی بھی اس سے بالاتر نہیں، ارکان پارلیمنٹ اینڈریو کے معاملے پر بحث کرنا چاہیں تو ہم راستے میں کھڑے نہیں ہوں گے۔

گرفتاری مکمل جائزہ لینے کے بعد عمل میں آئی: ٹیمز ویلی پولیس

اینڈریو ماؤنٹ بیٹن کو حراست میں لینے والی ٹیمز ویلی پولیس نے بیان میں کہا کہ تحقیقات کے لیے ایک شخص کو پبلک آفس میں بدانتظامی کے شبہ میں گرفتار کیا، پولیس برکشائر اور نارفوک کے ایڈریسز کی تلاشی بھی لے رہی ہے، نیشنل گائیڈنس کے مطابق گرفتار شخص کا نام ظاہر نہیں کررہے، گرفتاری مکمل جائزہ لینے کے بعد عمل میں آئی، تحقیقات کا آغاز ہوگیا۔

اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل کا کہنا ہے کہ مبینہ جرم کی تحقیقات کے لیے دیگر پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، اس معاملے پر مناسب وقت پر مزید اپ ڈیٹ فراہم کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید