بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو نے 9 کروڑ روپے قرض کے کیس میں ضمانت کے بعد اپنا پہلا پیغام شیئر کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر مداحوں سے اظہار تشکر کیا۔ مداحوں نے انکے پیغام پر ردعمل بھی دیا۔
اداکار راجپال یادیو نے چیک باؤنس کیس میں دہلی کے تیہاڑ جیل سے رہائی کے بعد انسٹاگرام پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی۔ جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر راجپال یادیو نے اظہار تشکر پر مبنی نوٹ تحریر کیا جس پر انکے مداحوں نے ردعمل کا اظہار کیا۔
ہندی میں اپنے نوٹ میں راجپال یادیو نے لکھا کہ آپ سب کے پیار اور ساتھ دینے پر دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے پوسٹ پر کیپشن تو نہیں لکھا لیکن ایک دعا والا ایموجی شامل کیا۔
انکی پوسٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک مداح نے لکھا، ’آپ ہمارے عہد کے ہیرا ہیں۔‘ ایک اور کمنٹ میں کہا گیا کہ ’اچھے لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک ہوتا ہے۔‘ ایک یوزر نے لکھا، ’سر آپ کو واپس دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘
راجپال نے ضمانت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سنیما میں اپنے 30 سالہ سفر کا ذکر کیا اور کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا کہ میں باہر آ سکا۔
انکا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے کسی بھی قانونی سوال اور حقائق پر ہمارے وکیل جواب دینگے، میں نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ مناسب رابطے میں رہیں۔