• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر لمحہ انہیں یاد کرتی ہوں، کیا وہ واقعی چلے گئے؟ ہیما مالنی 3 ماہ بعد بھی دھرمیندر کی جدائی پر دل گرفتہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی موت کو 3 ماہ گزر چکے، تاہم اُن کی اہلیہ اور معروف اداکارہ ہیما مالنی آج بھی اس صدمے سے پوری طرح باہر نہیں آ سکیں۔

حال ہی میں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز (BAFTA) کی 79 ویں تقریب میں دھرمیندر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جسے عالمی سطح پر اُن کی خدمات کا بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ 

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہیما مالنی نے کہا کہ دھرمیندر کی مقبولیت سرحدوں سے ماورا تھی اور دنیا بھر میں اُن کے مداح موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسی شخصیت تھے جن کی موجودگی کی بازگشت دنیا بھر میں سنائی دیتی تھی، بیرونِ ملک مداح اُنہیں دیکھ کر بے قابو ہو جاتے تھے، ہم زیادہ سفر اکٹھے نہیں کر پاتے تھے، البتہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران ساتھ وقت گزارتے تھے، ہم اکثر ایک ساتھ فلمیں سائن کرتے تاکہ زیادہ وقت اکٹھا گزار سکیں۔

ہیما مالنی نے جذباتی انداز میں اعتراف کیا کہ میں آج بھی اپنے شوہر کی جدائی کو قبول نہیں کر پا رہی، میں ہر لمحہ اُنہیں یاد کرتی ہوں، خود سے پوچھتی رہتی ہوں، کیا وہ واقعی چلے گئے ہیں؟ میں اُن سے دوبارہ کب ملوں گی؟

یاد رہے کہ نومبر 2025ء میں دھرمندر کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ابتدائی طور پر اُن کی وفات کی خبریں سامنے آئیں، تاہم اہلِ خانہ نے اُن کی تردید کی تھی، بعد ازاں طبیعت بگڑنے پر 24 نومبر 2025ء کو 89 برس کی عمر میں وہ چل بسے۔

دھرمیندر کی آخری رسومات ممبئی کے پون ہنس شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں، جہاں اہلِ خانہ اور شوبز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید