بالی ووڈ کے ہی مین اور دھرم پا جی کے نام سے مشہور دھرمیندر سنگھ دیول 1935 کو بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں سمیت 306 فلموں میں کام کیا۔
دھرمیندر نے 1960 میں فلم دل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اپنی شاندار اداکاری اور منفرد انداز کے باعث وہ جلد ہی ناظرین کے دلوں پر چھا گئے۔
انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے 19 سال کی عمر میں 1954 میں پرکاش کور سے شادی کی، بعدازاں انہیں اداکارہ ہیما مالنی سے محبت ہوگئی اور دونوں نے شادی کر لی۔
دھرمیندر کو ہی مین آف انڈین سنیما کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے، انہوں نے شعلے، چپکے چپکے، دھرم ویر، سیتا اور گیتا اور یادوں کی بارات جیسی کلاسک فلموں سے بھارتی سنیما میں ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔
دھرمیندر کا کیریئر چھ دہائیوں پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے اپنی پرفارمنس، قدرتی دلکشی اور بےمثال ورسٹائل اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص پہچان بنائی۔
انہوں نے ایکشن سے لے کر دل کو چھو لینے والی کامیڈی اور جذباتی فلموں میں شاندار کردار ادا کیے اور بھارتی سنیما کی تاریخ کے چند یادگار کردار تخلیق کیے۔
لیجنڈ اداکار کو 2012 میں حکومت ہند کی جانب سے ہندوستان کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔
89 سال کی عمر میں بھی دھرمیندر سوشل میڈیا پر سرگرم رہے، وہ اکثر ایسی ویڈیوز شیئر کرتے رہے جو صحت مند زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔
ان کی انسٹاگرام پوسٹس میں سے کئی بار انہیں ٹریکٹر چلاتے ہوئے، اپنے فارم کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اور اپنے مداحوں کو سادہ زندگی کے اسباق اور کاشتکاری کے مشورے پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔