• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا کولیجن سپلیمنٹس واقعی فائدہ مند ہیں؟ حیران کن انکشافات

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

حالیہ مطالعے میں کولیجن سپلیمنٹس سے متعلق عام تصورات کو چیلنج کرتے ہوئے اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔

مختلف سابقہ تجربات کے جامع جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ طویل عرصے تک کولیجن سپلیمنٹس کا استعمال جلد کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جس سے جلد کی لچک اور نمی میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ گٹھیا کی علامات میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق یہ سپلیمنٹس محض سطحی کاسمیٹک کے لیے مددگار نہیں بلکہ گہری بافتوں کی بحالی کے عوامل کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، تاہم تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کولیجن کے استعمال سے جلد کی کھردراہٹ پر کوئی نمایاں اثر مرتب نہیں ہوتا۔

حالیہ مطالعے کے لیے برطانوی جامعہ کے محققین نے 16 ریویوز اور 113 کلینیکل ٹرائلز کے شواہد کا جائزہ لیا، جن میں تقریباً 8 ہزار مریض شامل تھے۔

سائنس دانوں کے مطابق معالجین کو کولیجن سپلیمنٹس کو جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات کے لیے ایک مؤثر اضافی علاج کے طور پر زیرِ غور لانا چاہیے، خصوصاً ان مریضوں کے لیے جو پوسٹ مینوپاز مرحلے میں ہوں یا جن کی جلد سورج کی شعاعوں سے متاثر ہو گئی ہو اور جہاں روایتی علاج موزوں یا مہنگا ثابت ہو۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کولیجن سپلیمنٹس کا استعمال مستقل طور پر گٹھیا کی علامات، جیسے جوڑوں کے اکڑاؤ اور درد میں کمی سے بھی منسلک ہے، مزید برآں انہیں پٹھوں کی صحت میں بہتری سے بھی جوڑا گیا ہے۔

کولیجن کیا ہے؟

کولیجن ایک پروٹین ہے جو قدرتی طور پر انسانی جسم میں پایا جاتا ہے اور جلد، ناخن، ہڈیوں اور جوڑنے والے بافتوں کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

عمر بڑھنے کے ساتھ انسانی جسم میں اس کی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں جلد پر جھریاں اور گٹھیا کی تکلیف جیسی کیفیات جنم لے سکتی ہیں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید