بھارت کی تیلگو اور ہندی فلموں کی معروف اداکارہ عائشہ خان نے انکشاف کیا کہ میں زیادتی کی کوشش کا شکار رہ چکی ہوں۔ آن لائن بدسلوکی اس زخم کو پھر سے تازہ کر دیتی ہے۔
ممبئی میں پیدا ہونیوالی 24 سالہ عائشہ خان نے عوامی زندگی میں ایک خاتون ہونے کی تلخ حقیقتوں کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر مسلسل بے ہودہ نوعیت کے تبصرے، تشدد کی دھمکیاں اور اپنی زندگی میں پیش آنے والے زیادتی کی کوشش کے واقعے نے انہیں بہت تکلیف دی ہے۔
بگ باس 17سیزن سے مشہور ہونے والی عائشہ خان نے یہ باتیں حال ہی میں موجو اسٹوری سمٹ میں گفتگو کے دوران شیئر کیں، جہاں انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شہرت کی زندگی خواتین کے لیے کس قدر مشکل اور جذباتی طور پر تکلیف دہ ہو سکتی ہے۔
عائشہ خان نے بتایا کہ بظاہر عام سے لمحات بھی، جیسے تصاویر پوسٹ کرنا یا اپنے کام کے بارے میں بات کرنا، اکثر ناپسندیدہ توجہ کا باعث بن جاتے ہیں۔
انھوں نے کہا مجھے روزانہ انسٹاگرام پر بے ہودہ جملے سننا پڑتے ہیں۔ میرے لباس پر نامناسب تبصرے کیے جاتے ہیں۔ مجھے کچھ پوسٹ کرنے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے، یہ بہت افسوسناک صورتحال ہے۔