ساجد علی شمس، چیچہ وطنی، ساہی وال
اسمارٹ فونز دنیا میں کہیں بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں ہیں، ہیکنگ، ڈیٹا چوری اور پرائیویسی بریچنگ کے خطرات موجودہی رہتے ہیں۔ سیکیوریٹی ایپس، مضبوط پاس ورڈ اور ٹائمڈ میسجز (timed messages) کا استعمال کر کے ڈیٹا محفوظ بنایا جا سکتا ہے، لیکن پھر بھی سو فی صد تحفّظ کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ درحقیقت اسمارٹ فونز ہیکرز کا آسان ہدف ہیں۔ ان کے ذریعے کسی کی بھی ذاتی معلومات یا فائلز بآسانی چوری ہو سکتی ہیں۔
زمانہ جس تیزی سے کروٹ بدل رہا ہے، اُس کی رفتار کا اندازہ شاید ہم میں سے کسی کو بھی پوری طرح نہیں۔ کل تک بازار میں بیٹھا تاجر اپنی روزانہ کی کمائی رجسٹر میں درج کرتا تھا، آج وہی تاجر موبائل فون کی اسکرین پر انگلی پھیرتے ہوئے لین دین کا حساب مکمل کرتا ہے۔
کبھی خط و کتابت کے لیے ڈاک خانے کا سہارا لیا جاتا تھا۔ پھر ٹیلی فون کی گھنٹی نے فاصلے سمیٹے اور اب پوری زندگی ایک چھوٹے سے اسمارٹ فون کی اسیر ہوگئی ہے۔ شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹ، کاروبار، تعلیمی اسناد، ذاتی تصاویر، حتیٰ کہ ہماری نجی گفتگو سب کچھ ڈیجیٹل قالب میں ڈھل چکے ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ محفوظ بھی ہیں؟
واضح رہے، ڈیجیٹل دنیا میں جہاں سہولت عام ہوئی ہے، وہیں خطرات کے سائے کہیں گہرے ہوگئے ہیں کہ انہی سایوں میں ایک خاموش، منظّم اور نہایت عیّار دنیا آباد ہے اور وہ ہے ہیکرز کی دنیا۔ یہ وہ اَن دیکھے لوگ ہیں، جنہوں نے جرم کو صنعت اور فریب کو فن کی صُورت دے دی ہے۔ اُن کا جال سرحدوں کا پابند نہیں، اُن کی شناخت چہروں سے نہیں، بلکہ کوڈ اور ڈیٹا سے ہوتی ہے۔ یہ بندوق یا تلوار کے ذریعے نہیں، اعتماد کے راستے حملہ کرتے ہیں۔
چند ماہ قبل ساہی وال کے ایک سرکاری اسکول کے استاد اپنی عُمر بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے۔ سفید بال، سادہ لباس اور آنکھوں میں وقارلیے استاد نے بتایا کہ ایک دن انہیں کال موصول ہوئی۔ دوسری طرف سے نہایت شائستہ لہجے میں خود کو بینک کا افسر ظاہر کیا گیا۔
بتایا گیا کہ اُن کے اکاؤنٹ میں مشتبہ سرگرمی دیکھی گئی ہے، جس کی فوری تصدیق ضروری ہے۔ استاد صاحب نے چند سوالات کے جواب دیے۔ ایک او ٹی پی فراہم کیا اور پھر خاموشی چھاگئی۔ اگلے دن جب بیلنس چیک کیا تو ان کی جمع شدہ تمام رقم غائب تھی اور اسکرین پرصرف صفر نظر آرہا تھا۔ یہ دیکھ کر استاد سکتے کی کیفیت میں آگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’رقم تو گئی ہی گئی، مگر مجھے یوں لگا، جیسے میرے بھروسے کا قتل ہوگیا ہو۔‘‘
یہ محض ایک فرد کا سانحہ نہیں، گویا ہمارے عہد کی پہچان ہے۔ ڈیجیٹل فراڈ اب کوئی اتفاقی واردات نہیں رہا۔ یہ ایک منظّم کاروبار بن چکا ہے، جس میں سرمایہ کم اور منافع بے پناہ ہے۔ ہیکر جانتا ہے کہ انسان مشین سے نہیں، انسان سے دھوکا کھاتا ہے۔ اسی لیے وہ خود کو کبھی بینک افسر، کبھی کسی معروف کمپنی کے نمائندے اور کبھی سرکاری ادارے کے اہل کار کے طور پر پیش کرتا ہے۔ ڈیجیٹل فراڈ دراصل نفسیات کا کھیل بھی ہے۔
خوف، لالچ اور عجلت۔ یہ تین دروازے ہیں، جن سے مجرم اندر داخل ہوتا ہے۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ آپ کا اکاؤنٹ بند ہونے والا ہے، فوراً تصدیق کریں۔ کبھی لالچ دیا جاتا ہے کہ آپ نے انعام جیت لیا ہے۔ کبھی کسی قریبی دوست کے اکاؤنٹ سے مدد کی اپیل کی جاتی ہے اور ہم کچھ سوچے سمجھے بِنا فوراً کلک کر دیتے ہیں اور بس وہی لمحہ فیصلہ کُن ثابت ہوتا ہے۔
جدید دَور میں فشنگ ایک عام، مگر خطرناک طریقۂ واردات بن چکا ہے، جس میں جعلی ویب سائٹس اور ای میلز کے ذریعے لوگوں سے حسّاس معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ چیچہ وطنی کے ایک نوجوان تاجر کے ساتھ بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا، جب اُسے ایک معروف آن لائن مارکیٹ پلیس کی جانب سے خصوصی رعایتی آفر کا پیغام موصول ہوا۔ ویب سائٹ اصل میں اس قدر مشابہ تھی کہ فرق کرنا تقریباً ناممکن تھا۔ اُس نے کارڈ کی تفصیلات درج کیں اور چند لمحوں بعد اُس کے اکاؤنٹ سے مسلسل ٹرانزیکشنز شروع ہوگئیں۔
یہ زورِ بازو نہیں، بلکہ ذہانت اور نفسیات کا کھیل ہے۔ ڈیجیٹل دنیا کی سب سے بڑی پیچیدگی یہ ہے کہ اس میں مجرم اور مظلوم کے درمیان فاصلہ نہیں ہوتا، کوئی چہرہ دکھائی دیتا ہے اور نہ ہی کوئی گواہ ہوتا ہے۔ جرم محض ایک کِی پش کرنے سے وقوع پذیر ہوتا ہے اور رقم پلک جھپکنے میں ایک ملک سے دوسرے ملک منتقل ہو جاتی ہے۔
قانون کی عمل داری اکثر کاغذی رہ جاتی ہے، کیوں کہ جرم سرحدوں سے آزاد اور انصاف کی رفتار، سرحدوں میں جکڑی ہوئی ہوتی ہے۔ ہم یہ سوال اُٹھا سکتے ہیں کہ کیا ہمارا نظام اس قدر کم زور ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ ٹیکنالوجی جتنی تیز رفتار ہے، انسانی لاپروائی بھی اُتنی ہی عام ہے۔
کم زور پاس ورڈ، ہر جگہ ایک ہی پاس ورڈ کا استعمال، غیر محفوظ وائی فائی سے کنکشن، مشتبہ لنکس پر بِنا سوچے سمجھے کلک، یہ سب وہ دروازے ہیں، جنہیں ہم خود کُھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ ہیکر کو تو صرف اندر قدم رکھنا ہوتا ہے۔ سو، اکثر اوقات جرم کا آغاز ایک معمولی سی غفلت سے ہوتا ہے، مگر انجام ایک بڑے سانحے پرمنتج ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا نے اس خطرے کو مزید وسعت دی ہے۔ ہم اپنی ذاتی معلومات بلا تامل شیئر کرتے ہیں۔ تاریخ پیدائش، اسکول کا نام، خاندان کے افراد کی تفصیل، پسندیدہ مقامات، حتیٰ کہ اسفار کی مکمل رُوداد بھی۔ ہمیں اندازہ نہیں ہوتا کہ یہی معلومات سیکیوریٹی سوالات کے جوابات بن سکتی ہیں۔ یوں ہم اپنی ہی دیواروں میں دراڑیں ڈال دیتے ہیں اور پھر حیران ہوتے ہیں کہ اندر سے چوری کیسے ہو گئی؟ڈیجیٹل فراڈ صرف مالی نقصان تک محدود نہیں۔
بلیک میلنگ، شناخت کی چوری، سائبر ہراسانی اور نجی تصاویر کے ذریعے دباؤ ڈالنا وغیرہ بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ بعض اوقات متاثرہ فرد بدنامی کے خوف سے شکایت درج نہیں کرواتا۔ خاموشی مجرم کو مزید حوصلہ دیتی ہے۔ یہ جرم محض جیب پر نہیں بلکہ عزت اور ذہنی سکون پر بھی حملہ ہے۔ مذکورہ بالا صُورتِ حال صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی نہیں، بلکہ اجتماعی شعور کی کمی کا نتیجہ بھی ہے۔
ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ڈیجیٹل دنیا میں رہتے ہوئے ڈیجیٹل احتیاط لازم ہے۔ جیسے ہم اپنے گھر کے دروازے لاک کرتے ہیں، ویسے ہی آن لائن زندگی کے دروازے بھی محفوظ کرنے ہوں گے۔ دہری تصدیق (Two-Factor Authentication)، مضبوط اور منفرد پاس ورڈ، باقاعدہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور مشتبہ روابط سے گریز، یہ محض مشورے نہیں، بلکہ ضرورت ہیں۔ ایسے جرائم کے تدارک اور سدّباب کے لیے ریاستی سطح پر بھی سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
سائبر کرائم قوانین کو عملی قوت دینے کے ساتھ تحقیقاتی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کرنا ازحد ضروری ہے۔ نیز، عوامی آگاہی مہمّات چلاکر اسکولوز، کالجز کے نصاب میں بھی ڈیجیٹل سیکیوریٹی کو شامل کرنا ہوگا، تاکہ نئی نسل سہولت کے ساتھ ذمّے داری بھی سیکھے۔
اگر جرم سرحدوں سے آزاد ہے، تو انصاف کو بھی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے سرحدوں سے بلند ہونا ہوگا، مگر سب سے اہم سوال ہمارے اپنے اندر ہے کہ کیا ہم سہولت کی چمک میں احتیاط کو قربان کردیں، ہم چند لمحوں کی عجلت میں برسوں کی کمائی خطرے میں ڈال دیں؟ٹیکنالوجی بذاتِ خود دشمن نہیں۔
یہ تو ایک آلہ اور ایک وسیلہ ہے۔ مگر بے احتیاطی کسی بڑے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ہیکرز کا جال تب تک پھیلتا رہے گا، جب تک معاشرہ بے خبری کی نیند سوتا رہے گا۔ شعور کی بے داری ہی اس جال کو کم زور کر سکتی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ڈیجیٹل فریب کو محض خبروں کی سُرخی نہ سمجھیں، بلکہ اپنی روزمرّہ زندگی کا سنجیدہ مسئلہ تسلیم کریں۔ اس جال میں پھنسنے والا کوئی بھی ہو سکتا ہے۔
ایک استاد، ایک طالب علم، ایک تاجر یا ایک عام شہری۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اگلا نمبر کس کا ہے۔ اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ہر اسکرین کے پیچھے ایک نیا شکاری بیٹھا ہوگا۔ اگر ہم نے علم، احتیاط اور ذمّے داری کو اپنا شعار بنا لیا، تو یہی ٹیکنالوجی ہمارے لیے سُود مند ثابت ہو سکتی ہے۔ فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے۔ ہم شکار بنیں گے یا شعور کی قوت سے شکاری کے جال کو بے اثر کر دیں گے۔