معروف کنٹینٹ کری ایٹر اور یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ ایمان فاطمہ کی والدہ نے رجب بٹ کو پیغام بھیجا ہے۔
رجب بٹ نے 2024ء میں ایمان فاطمہ سے شادی کی تھی جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تھیں اور مداحوں کی جانب سے اس جوڑی کو بہت پسند بھی کیا گیا تھا، مگر شادی کے بعد دونوں کے درمیان معاملات زیادہ خوشگوار نہیں رہ سکے اور اب بات طلاق تک پہنچ گئی ہے۔
یہاں تک کہ رجب بٹ نے ایمن فاطمہ کو طلاق کے کاغذات بھی بھیج دیے ہیں، لیکن ایمان فاطمہ کے گھر والے اپنی طرف سے اس شادی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایمان کی والدہ اپنی بیٹی کی شادی کو بچانے کے لیے ان تمام لوگوں سے رابطہ کر رہی ہیں جن کے ساتھ رجب بٹ کے قریبی تعلقات ہیں۔
اُنہوں نے حال ہی میں رجب بٹ کے ایک دوست جہانگیر کو بھی ایک پیغام بھیجا، جہانگیر نے ایمان کی والدہ کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کیا اور ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران ان کا آڈیو میسج شیئر کر دیا۔
وائس میسج میں ایمان کی والدہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ایمان اپنے ننھیال اور ددھیال دونوں جانب سب سے پہلی اولاد ہے، اس لیے میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ رجب سے کہیں کہ وہ اس کے لیے نرم گوشہ پیدا کرے اور اس سے نرمی سے بات کرے۔
جہانگیر نے آڈیو میسج سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد انتہائی بدتمیزی سے کہا کہ یہ میاں بیوی کے آپس کا معاملہ ہے، یہ بیچ میں کود کر آ گئیں اور مجھ سے رابطہ کیا کہ میں رجب کو سمجھاؤں، میں اس کو کیوں سمجھاؤں بھئی، اس کے گھر میں اس کے ماں باپ ہیں، آپ جا کر اس کے بڑوں سے بات کریں۔
جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جہانگیر کو ایمان کی والدہ سے نامناسب انداز میں بات کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔