معروف کنٹینٹ کری ایٹر اور یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی مقبولیت میں کمی کا ذمے دار اہلیہ ایمان رجب کو ٹھہرا دیا۔
رجب بٹ 3 سال قبل اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے جب اُنہوں نے محرم کے جلوس کے دوران ایک وی لاگ شیئر کیا تھا اور پھر ان کے یوٹیوب چینل کو لاکھوں لوگوں نے سبسکرائب کر لیا۔
یوٹیوبر آج کل اہلیہ ایمان رجب کے ساتھ اپنے خراب تعلقات کی وجہ سے میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
رجب بٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر اپنے 3 سال مکمل ہونے پر مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر لائیو آئے۔
اُنہوں نے ٹک ٹاک لائیو سیشن میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا تو بہت کم عرصے میں بہت سارے سبسکرائبرز ملے تھے، لوگوں نے بہت پیار دیا تھا اور آج 3 سال مکمل ہونے پر دیکھ رہا ہوں کہ 11 ہزار لوگ ان سبسکرائب کر چکے ہیں۔
رجب بٹ نے اپنی اہلیہ کا نام لیے بغیر ہنستے ہوئے کہا کہ آغاز پیار اور محبت سے ہوا اور آج 3 سال ہو گئے ہیں، کہتے ہیں ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، مردوں کی بربادی کے پیچھے بھی زیادہ تر ایک عورت کا ہی ہاتھ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ نے 2024ء میں ایمان فاطمہ سے شادی کی تھی جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں اور مداحوں کی جانب سے اس جوڑی کو بہت پسند بھی کیا گیا تھا، تاہم شادی کے بعد ان دونوں کے درمیان معاملات زیادہ خوشگوار نہیں رہ سکے اور اب بات طلاق تک پہنچ گئی ہے۔