حال ہی میں سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا کے بارے میں ایک غیر معمولی افواہ سامنے آئی جس میں دعوٰی کیا گیا کہ وہ 66 سال کی عمر میں حاملہ ہیں۔ تاہم نیینا گپتا نے ہمیشہ کی طرح پرمزاح انداز میں اس افواہ کو غلط قرار دے دیا۔
یہ افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب نینا گپتا اپنے شوہر ویویک مہرا کے ساتھ گزشتہ ہفتے اداکارہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا کی حیدر آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ہوئیں۔ اس تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
کچھ ویڈیوز میں نینا کو تقریب میں داخل ہونے سے پہلے پاپارازی کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا کے ایک حصے نے ان کی ظاہری کیفیت کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع کر دیں اور ان کے حاملہ ہونے کی افواہیں پھیل گئیں۔
بعد میں نیینا گپتا نے وضاحت کرتے ہوئے اس پورے معاملے پر ہلکے پھلکے انداز میں تبصرہ بھی کیا اور کہا کہ کوئی بدھائی ہو والا معاملہ نہیں ہے، میں حاملہ نہیں، حقیقت یہ ہے کہ میری ساڑھی کا کپڑا کافی موٹا تھا، جس کی وجہ سے میں تقریب میں کچھ بھاری لگ رہی تھی۔ لیکن مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ لوگ اس عمر میں بھی میرے حاملہ ہونے کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ اس سے لگتا ہے کہ بطور قوم ہم ترقی کر رہے ہیں۔
گزشتہ برسوں کے دوران نینا گپتا اپنی ذاتی زندگی پر بات کرتی رہی ہیں۔ 1980 کی دہائی میں ان کا عہد ساز ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈز کے ساتھ تعلق رہا ہے اور دونوں کی ایک بیٹی فیشن ڈیزائنر سے اداکار بننے والی 36 سالہ مسابا گپتا ہیں، جنہیں نینا نے تنہا پالا، بعد ازاں 2008 میں نیینا گپتا نے دہلی کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ویویک مہرا سے شادی کر لی۔
جہاں تک پیشہ ورانہ محاذ کا تعلق ہے تو نینا گپتا کو آخری بار فلم ودھ 2 میں اداکار سنجے مشرا کے ساتھ دیکھا گیا۔ جلد ہی وہ نیٹ فلکس کے ڈرامہ سیریز چومباک میں نظر آئیں گی۔