• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو بھارت میں ہاکی کھیلنے کی اجازت ہے: بھارتی وزیرِ اعلیٰ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئندہ ماہ ہونے والی مردوں کی ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔

بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت نے کہا ہے کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی شرکت کا کوئی مسئلہ نہیں، ممکن ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان انفرادی دو طرفہ سیریز نہ ہو سکے۔

بھگونت مان نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اپنی تاریخ میں پہلی بار ہونے والے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

بھارتی ہاکی کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تعلقات بہترین ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے کھلاڑی بھی ایک دوسرے کا بھرپور احترام کرتے ہیں اور کھیل کے میدان میں باہمی احترام کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک کھیلی جائے گی جس میں بھارت، پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے کے میچ جالندھر میں ہوں گے جبکہ سیمی فائنل اور فائنل موہالی کے ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، عمان اور بنگلا دیش کو متبادل ٹیموں کے طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی ٹیم کے دستبردار ہونے کی صورت میں انہیں شامل کیا جا سکے۔

بھارت دفاعی چیمپئن کے طور پر ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا، اس نے 2023ء میں چنئی اور 2024ء میں ہولون بوئیر، چین میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ہونے والا یہ سالانہ ٹورنامنٹ گزشتہ سال منعقد نہیں ہو سکا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید