پاکستانی فلموں کی سینئر اداکارہ نشو بیگم اپنی بیٹی اداکارہ صاحبہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئیں۔ ماں بیٹی کی جذباتی ملاقات سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
نشو بیگم اپنی بے باک شخصیت، خوبصورتی اور ماضی کی ہٹ فلموں اور گانوں میں شاندار اداکاری کے باعث جانی جاتی ہیں۔ اداکارہ ایک فعال ڈیجیٹل کریئیٹر بھی ہیں اور اکثر اپنی ذاتی زندگی کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
رواں سال جنوری میں نشو بیگم اور صاحبہ کے درمیان کچھ عرصے کی دوری کے بعد دوبارہ ملاقات ہوئی تھی، تاہم کراچی میں مصروف شوٹنگ شیڈول کے باعث صاحبہ اپنی والدہ سے بار بار ملاقات نہیں کر پا رہی تھیں۔
اب عید سے قبل صاحبہ لاہور واپس گئی ہیں اور انہوں نے اپنی والدہ سے افطاری پر ملاقات کی۔ اس موقع پر نشو بیگم نے مختصر وی لاگ اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کیا ہے۔
ویڈیو میں نشو بیگم اپنی بیٹی سے ملتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تمہیں پکڑ کر بیٹھوں گی تاکہ تم مجھے چھوڑ کر نہ جاؤ، کیونکہ جو تنہائی اور جدائی میں نے محسوس کی، میں دوبارہ وہ برداشت نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ تم لاہور سے جاتی ہو مگر میرے دل میں ہمیشہ رہتی ہو۔ صاحبہ آج میرے ساتھ افطاری کے لیے واپس آئی ہیں تو میں خوش ہوں اور یہ خوشی کے آنسو ہیں۔ میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میرے بچے میرا خیال رکھتے ہیں۔ ان کی توجہ اور محبت کی وجہ سے ہی میں اتنی خوش ہوں اور ہم سب اکٹھے ہیں۔
بعد ازاں ماں اور بیٹی نے ایک دوسرے سے دل کی باتیں بھی کیں۔ صاحبہ نے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ والدہ نے ہمیشہ میری بھرپور دیکھ بھال کی۔ نشو بیگم نے اس موقع پر صاحبہ کی اداکاری کی بھی تعریف کی، خصوصاً ڈرامہ سیریل نیلی کوٹھی میں ان کی کارکردگی کو سراہا۔