• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائیو شو کے دوران نشو بیگم اور صاحبہ کی صلح ہوگئی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ نشو بیگم اور ان کی بیٹی و اداکارہ صاحبہ کے درمیان 2024 کے اواخر سے جمی برف پگھلنے لگی۔

حال ہی نشو بیگم کی ملاقات اپنی بیٹی صاحبہ سے دوبارہ ہوئی، جن سے کچھ عرصے تک ان کے تعلقات میں سردمہری رہی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر متحرک رہنے والی نشو بیگم کے نئے لائیو شو کے دوران صاحبہ سے صلح ہوگئی۔

لائیو شو کے دوران اچانک صاحبہ اپنی والدہ کے کچن میں داخل ہو کر انہیں حیران کر دیا، جہاں نشو بیگم اپنے ڈیجیٹل میڈیا چینل کے لیے کھانا تیار کر رہی تھیں۔ صاحبہ نے اپنی والدہ کو گلے لگایا اور پوچھا کہ کیا آپ کومیری یاد آتی ہے، جس پر نشو بیگم نے جواب دیا کہ جب سے میرے بچے کراچی منتقل ہوئے ہیں، میں انہیں بےحد یاد کرتی ہوں۔

نشو بیگم نے مزید کہا کہ آج اپنی بیٹی سے ملاقات کے بعد میں خود کو زندہ اور جوان محسوس کر رہی ہوں اور مجھے یوں لگتا ہے جیسے میری عمر زیادہ سے زیادہ 22 سال ہو۔

ان کے مطابق یہ سب بیٹی سے محبت کا اثر ہے، کیونکہ بچوں کی محبت ماں کو جو توانائی دیتی ہے، اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ میں اب بھی خود کو اتنا جوان کیوں محسوس کرتی ہوں، ٹک ٹاک ویڈیوز کیوں بناتی ہوں اور ہر وقت تیار کیوں رہتی ہوں، جس کی وجہ میرے بچوں کی دی ہوئی توانائی ہے۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ بعض لوگ وقت سے پہلے اپنے والدین کو ریٹائر کر دیتے ہیں اور اولڈ ایج ہومز بھیج دیتے ہیں، مگر میرے بچے ایسے نہیں ہیں۔

دوسری جانب صاحبہ نے کہا کہ لوگ ہر حال میں تنقید کرتے رہیں گے، اس لیے انسان کو وہی کرنا چاہیے جو وہ خود کرنا چاہتا ہے۔

نشو بیگم کے مداح اپنی پسندیدہ اداکارہ اور ان کی بیٹی کی اس ملاقات پر بے حد خوش ہیں اور ان کے وی لاگ کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔ 

یاد رہے کہ 2024ء میں صاحبہ کی اپنے حقیقی والد سے زندگی میں پہلی بار ملاقات ہوئی تھی۔ بعدازاں ملاقات صاحبہ اور نشو بیگم کے درمیان تعلقات خراب ہونے کی خبریں سامنے آئیں تھی۔

اس وقت ایک انٹرویو کے دوران نشو بیگم نے انکشاف کیا تھا کہ 8 ماہ ہوگئے ہیں بیٹی سے ملاقات نہیں ہوئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید