• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطی و خطے کی غیر مستحکم صورتحال، ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہونے کا خدشہ، وزیراعظم کو بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف : فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف : فائل فوٹو 

مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اجلاس میں حکومت کی جانب سے عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔

اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کاجائزہ لیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے، ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبوں سے مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے، بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا، اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے، حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کےلیے تیار رہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے،  تمام صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہےاور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق  حکومت نے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بچت اقدامات اپنائے جائیں تاکہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچا جا سکے۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہو گا اور بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہوگا، پیٹرول بچانے کےلیے کار پولنگ اپنائی جائے، نقل و حرکت اجتماعی طور پر کی جائے غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کے لیے آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم شریک ہوئے۔

قومی خبریں سے مزید