امریکی ارب پتی ایلون مسک نے محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی فنڈنگ کے تعطل کے دوران امریکی ایئرپورٹس پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی تنخواہیں ادا کرنے کی پیشکش کی ہے جس سے سیاسی تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فنڈنگ رکے ہونے کے باعث ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے اہلکار فروری کے وسط سے بغیر تنخواہ کے کام کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں ایئرپورٹس پر سیکیورٹی چیک کی قطاریں غیر معمولی حد تک طویل ہو گئی ہیں۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تعطل کے دوران ٹی ایس اے اہلکاروں کی تنخواہیں ادا کرنا چاہتے ہیں تاکہ مسافروں اور ملازمین کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹک ارکان نے فوری طور پر فنڈنگ معاہدے پر دستخط نہ کیے تو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ سیکیورٹی پر تعینات کر دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئی سی ای ایجنٹس کو اس حوالے سے تیار رہنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹی ایس اے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے تحت کام کرتا ہے، تقریباً 65 ہزار ملازمین پر مشتمل ادارہ ہے جبکہ اس کا سالانہ تنخواہوں کا بجٹ اندازاً ڈھائی سے تین ارب ڈالر کے درمیان بتایا جاتا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی کشیدگی اس وقت مزید بڑھی جب جنوری میں منیاپولس میں آئی سی ای کارروائیوں کے خلاف مظاہروں کے دوران دو امریکی شہریوں کی ہلاکت کے بعد صدر ٹرمپ نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سربراہ کرسٹی نوئم کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، تاہم امیگریشن ایجنسی کی پالیسیوں پر تنازع بدستور جاری ہے۔