پاکستان کی معروف مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر کے عید اسپیشل لُک نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے انداز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ندا یاسر گزشتہ تقریباً 19 برس سے مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبول ہیں، وہ عید ٹرانسمیشن کے دوران ایک منفرد انداز میں جلوہ گر ہوئیں۔
عید پروگرام کے دوران ندا یاسر نے سرخ رنگ کا ریشمی لباس زیب تن کیا، جس کے ساتھ سنہرے زیورات کا انتخاب کیا گیا۔
انہوں نے بالوں کو وِگ کی مدد سے بن کی شکل دی جبکہ ماتھے پر ٹِکا اور ہیڈ جیولری کے ذریعے روایتی انداز اپنانے کی کوشش کی۔
ندا یاسر کے اس لُک پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا، تاہم زیادہ تر تبصرے تنقیدی نوعیت کے رہے۔
کئی صارفین نے وِگ کے استعمال کو غیر فطری قرار دیا، جبکہ بعض نے لباس کے انداز کو ٹی وی نشریات کے لیے نامناسب کہا۔
کچھ افراد کا کہنا تھا کہ ندا یاسر کو اپنی عمر کے مطابق فیشن اپنانا چاہیے، جبکہ دیگر نے ان کے مجموعی انداز کو اوور قرار دیا۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر کچھ لوگ ان کا دفاع کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔
واقعے کے بعد یہ بحث بھی سامنے آئی ہے کہ آیا یہ تنقید فیشن تک محدود ہے یا سوشل میڈیا پر شخصیات کو غیر ضروری ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔