بیلجیئم میں 6 جون سے 14 جون تک ٹی 20 کرکٹ میلہ منعقد ہوگا۔ اس بات کا اعلان بیلجیئم کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین عمیر بٹ نے کیا۔
تارکین وطن نیوز کے لیے جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ان کے دور صدارت کے دوران پہلی مرتبہ یورو ٹی20 بیلجیئم لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ لیگ 6 جون سے 14 جون تک منعقد ہوگی جس میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی اور دنیا بھر سے بین الاقوامی کھلاڑی بیلجیئم آئیں گے۔ یہ ایونٹ ڈیسٹینو لیجنڈز کے ساتھ شراکت داری میں منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اسے باضابطہ طور پر بیلجیئم کرکٹ فیڈریشن کی منظوری حاصل ہے۔
عمیر بٹ کے مطابق اس لیگ کا مقصد صرف ایک ٹورنامنٹ کرانا نہیں بلکہ بیلجیئم میں کرکٹ کو فروغ دینا، مقامی نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا اور بیلجیئم کو یورپ میں کرکٹ کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لیگ کی ڈرافٹ تقریب 24 مارچ کو ایک خوبصورت تاریخی قلعے میں منعقد ہوگی جہاں ٹیمیں اپنے کھلاڑی منتخب کریں گی۔