• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کلفٹن زمزمہ سپر اسٹور میں آگ، میئر کراچی موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو آپریشن جاری

کلفٹن کے علاقے زمزمہ پارک سے متصل سپر اسٹور میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا ہے۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق فائر بریگیڈ کو صبح 6 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے فوراً بعد صدر فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ اسٹور کے بیسمنٹ میں موجود اے ٹی ایم سے لگی جسے بجھانے کی کوشش اسٹور کے عملے نے پہلے خود کی تاہم آگ فالس سیلنگ کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔

حکام کے مطابق آگ بیسمنٹ سے شروع ہوئی جبکہ گراؤنڈ فلور کے بعض حصوں میں بھی شعلے موجود ہیں جنہیں بجھانے کا عمل جاری ہے، واقعے کے وقت اسٹور کے اندر کوئی اسٹاف موجود نہیں تھا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھواں خارج ہونے کی مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث اندر شدید دھواں جمع ہوگیا ہے جس سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں تاہم فائرفائٹرز آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔

میئر کراچی کا بیان

مرتضیٰ وہاب نے جائے حادثہ کے دورے کے دوران کہا کہ چیف فائر آفیسر، ڈی سی اور ایس ایس پی تمام یہاں موجود ہیں، بروقت کارروائی کرتے ہوئے عملہ پہنچا، آگ لگنے کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، اسٹور کے اندر موجود تمام افراد کو بروقت ریسکیو کیا گیا، واٹر کارپوریشن کی جانب سے بھی واٹر ٹینکرز پہنچ رہے ہیں، بالائی منزل کے بعض مقام پر معمولی آگ یا دھواں ہے۔

’مسلسل امدادی کارروائی جاری ہے‘

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ اسٹور کے بیسمنٹ سے شروع ہو کر گراؤنڈ فلور تک پھیل گئی ہے، آگ بجھانے کے لیے ابتداء میں 8 فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا جبکہ اس وقت فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں اور اسنارکل موقع پر موجود ہیں اور مسلسل کارروائی جاری ہے، ریسکیو اہلکاروں کو عمارت کے اندر رسائی حاصل کرنے کے لیے دیواریں بھی توڑنا پڑ رہی ہیں۔

ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کے مطابق واقعے کے وقت اسٹور کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس کی نفری بھی موقع پر تعینات ہے اور بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے عمارت میں موجود فائر فائٹنگ اور فائر الارم سسٹم کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید