• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آتشزدگی سے تباہ حال گل پلازہ میں دوبارہ آگ لگ گئی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آتشزدگی سے تباہ حال گل پلازہ میں دوبارہ آگ لگ گئی ، عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ دیکھتے ہی دیکھتے گراؤنڈ فلور تک پہنچ گئی ، آگ مبینہ نشہ کے عادی افراد نے تاروں سے تابنہ چوری کرنے کیلئے لگائی تھی۔آگ کے سبب اطراف شدید دھواں پھیل گیا جس کی وجہ سے اطراف کے رہائشیوں اور امدادی کارکنوں کو آگ بجھانے کےعمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔آگ بجھانے کے عمل میں کے ایم سی فائر بریگیڈ کی 9 اور 1122 کے دو فائر ٹینڈرز اور ایک باوزر نے حصہ لیا۔ریسیکو اہلکار دو گھنٹے بعد عمارت کے بیسمنٹ میں داخل ہوئے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے رہے۔آگ مبینہ طور پر نشہ کے عادی افراد کی جانب سے کے بجلی کے تاروں سے تابنہ چوری کرنے کے لئے آگ لگانے کی وجہ سے لگی ۔پولیس نے عمارت کے اندر سے 3 نشہ کے عادی افراد کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کردیا۔آگ کی اطلاع ملتے ہی عوام کی بڑی تعداد گل پلازہ پہنچ گئی ۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے پہنچ کر ایم اے جناح روڈکے ایک ٹریک کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا اور عوام کو منتشر کیا۔واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ کےچیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ عید کے دوسرے روز گل پلازہ میں آگ لگنے کی اطلاع پر کے ایم سی کے چار فائر ٹینڈرز روانہ کئے گئے جنہوں نے موقع پر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید