• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم امہ کا اتحاد صورتحال میں مزید اہمیت اختیار کرگیا، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم امہ کا اتحاد موجودہ صورتحال میں مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

پاکستان کی سربراہی میں سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں علاقائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مہمان ممالک کے وزرائے خارجہ کو مذاکرات کے امکانات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ ایران اور امریکا دونوں نے پاکستان پر اعتماد کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو ہوئی، یو این چارٹر کے مطابق تمام ملکوں کی سلامتی اور خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ جنگ کسی کے فائدے میں نہیں اسے جلد ختم ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ نے کہا کہ بات چیت اور سفارتکاری ہی مسائل کا حل ہے، چاروں ممالک کے درمیان تعاون مزید آگے بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔

نائب وزیراعظم نےکہا کہ مسلم امہ کا اتحاد موجودہ صورتحال میں مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے، اجلاس میں جنگ کے انسانی زندگی اور معیشت پر تباہ کن اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کےلیے سازگار ماحول بنانے پر اتفاق کیا، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، علاقائی امن اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری پر آمادگی ظاہر کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ممکنہ بات چیت کی میزبانی کے لیے تیار ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے عالمی رہنماؤں سے رابطے تیز کردیے، خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اور مسلسل کوششوں کا اعادہ کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید