وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق مارچ میں ملک کے اندر مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
پاکستان میں فروری کے مقابلے مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 1.18 فیصد کا اضافہ ہوا، مارچ 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 7.30 فیصد ہوگئی، وزارت خزانہ نے مارچ کیلئے مہنگائی کا تخمینہ 7.5 سے 8.5 فیصد لگایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 تا مارچ 2026 میں اوسط مہنگائی 5.67 فیصد رہی، فروری 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 6.98 فیصد ریکارڈ کی گئی، مارچ 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 0.7 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینے دیہات میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 0.96 فیصد بڑھی، مارچ 2026 میں شہروں میں مہنگائی میں 1.34 فیصد کا اضافہ ہوا۔
گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.17 فیصد جبکہ شہروں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.39 فیصد رہی۔