بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ فائزہ ابراہیم المعروف دیپیکا ککڑ نے حال ہی میں اپنی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کے وسط میں انکے جگر کے کینسر کی سرجری کے بعد حال ہی میں سسٹ اور اسکے لیے خون ٹیسٹ کی وجہ سے وہ کافی فکر مند ہیں، یہ سب کچھ پریشانی کا سبب بنتا ہے۔
40 سالہ دیپیکا اور انکے شوہر اداکار شعیب ابراہیم اپنی روز مرہ زندگی کے بارے میں تفصیلات اور ویڈیوز اپنے چینل پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ بیماری نے ہلا کر رکھ دیا اور سرجری کے بعد سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ خواتین اپنے جسم میں ہونے والی ہارمونل اور دیگر تبدیلیوں کے باوجود کس قدر مضبوطی سے ہر چیز کا سامنا کرتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کی طاقت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی تمام جسمانی اور ذہنی مشکلات کے باوجود زندگی کو بخوبی سنبھالتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جگر کے کینسر کے علاج کے چند ماہ بعد انہیں ایک اور مسئلہ پیش آیا، جس کے باعث انہیں معدے میں موجود ایک چھوٹے سسٹ کو نکالنے کے لیے اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں بتایا کہ اس سسٹ کی دوبارہ موجودگی نے انہیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا اور میں کچھ گھبرا گئی تھی کہ آخر ایسا کیوں ہوا۔
دیپیکا نے بتایا کہ اب ان کی روزمرہ زندگی میں کافی تبدیلیاں آ چکی ہیں۔ تھکاوٹ پر آرام کرتی اور اپنی صحت کو ترجیح دیتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مضبوط اور مثبت رہنا ہوگا۔ اسی مثبت سوچ کے ساتھ روزمرہ زندگی گزارنا اور آئندہ علاج کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
یاد رہے کہ دیپیکا گزشتہ برس سے اسٹیج 2 جگر کے کینسر سے نبرد آزما ہیں۔ جون 2025 میں انکا ٹیومر نکالنے کی سرجری ہوئی تھی۔ جس کے بعد سے وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اپنی صحت، کیموتھراپی کے تجربات اور جذباتی اتار چڑھاؤ کے بارے میں بتاتی رہتی ہیں۔
دیپیکا کو ڈرامہ سسرال سمر کا میں سمر بھردواج کے کردار سے شہرت ملی، جبکہ وہ ریئلٹی شو بگ باس سیزن 12 کی ونر تھیں۔