پاکستانی خاتون ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
ثمر خان فیل راؤن پولر چیلنج کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے 300 کلو میٹر طویل آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔
اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ثمر خان نے اپنی کامیابی کے بعد لی گئی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں نے باضابطہ طور پر فیل راؤن پولر چیلنج پورا کر لیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں منجمد بیابان، دشوار گزار اور انجان راستوں پر سفر کرتے ہوئے، آرکٹک کی اس خاموشی میں اپنے اندر چھپے ہوئے مضبوط انسان سے ملی۔
ثمر خان نے لکھا کہ یہ صرف ایک مہم نہیں تھی بلکہ میری ہمت اور یقین کا امتحان تھا۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ جو لوگ مجھ سے یہ کہتے تھے کہ تم یہ نہیں کر سکتی، میرا یہ سفر، ان سب کے لیے جواب ہے کہ میں سب کر سکتی ہوں۔