بھارتی اداکارہ و ہدایت کار کونکنا سین شرما نے فلم انڈسٹری میں صنفی امتیاز اور مردانہ بالادستی کے نظام پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو اکثر اپنی آواز اٹھانے پر نظر انداز کیا جاتا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میں خود ایک مضبوط اور نسبتاً بااثر مقام رکھتی ہوں، اس لیے مجھے مکمل طور پر خاموش کرانا آسان نہیں، تاہم میرا تجربہ ہر خاتون جیسا نہیں ہوتا۔
کونکنا کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین اور بعض مرد بھی اس نظام میں اپنی آواز بلند کرنے یا مواقع حاصل کرنے سے محروم رہتے ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے اپنی والدہ، معروف فلم ساز اپرنا سین کے کردار کا بھی ذکر کیا جنہوں نے ان کی تربیت اور سوچ پر گہرا اثر ڈالا۔
انہوں نے فلم انڈسٹری میں صنف کے مطابق تنخواہ کے فرق کو ایک اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کچھ بہتری آئی ہے، جیسے اب خواتین میک اپ آرٹسٹ کے طور پر بھی کام کر رہی ہیں، مگر دیگر تکنیکی شعبوں میں پیش رفت اب بھی سست ہے۔
کونکنا سین شرما ان دنوں اپنی ویب سیریز ویلکم ٹو کھویا محل کی ہدایت کاری کر رہی ہیں، اس سیریز کی ریلیز 2026ء کے آخر یا 2027ء کے آغاز میں متوقع ہے۔