پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے ستارہ امتیاز نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کر دیا۔
حال ہی میں فیصل قریشی نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور دورانِ انٹرویو انہوں نے ستارۂ امتیاز نہ ملنے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
صدارتی اعزاز نہ ملنے کے سوال پر فیصل قریشی نے کہا کہ میں اس کے بارے میں اور کیا کہوں؟ میرا نام دو بار واپس بھیجا جا چکا ہے، 33 سال ہو گئے ہیں اس شعبے میں اور مجھے نہیں معلوم کہ ستارۂ امتیاز کس کو ملتا ہے؟
جب اداکار سے پوچھا گیا کہ آپ میں کیا کمی ہے جو آپ کو اب تک ستارۂ امتیاز سے نوازا نہیں گیا تو انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید مجھ میں کیلشیئم کی کمی ہو، اسی لیے مجھے ایوارڈ نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے سنجیدہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود سے بھی یہی سوال کیا کہ صدارتی ایوارڈ کیوں نہیں ملا اور لوگوں نے مجھے ایوارڈ نہ ملنے پر ای میل بھی کی، مجھے سمجھ نہیں آتی میں سیاسی بھی نہیں ہوں، ہاں میں ایک محبِ وطن شخص ہوں، اگر مجھے ایوارڈ ملا تو میں قبول کروں گا کیونکہ میں اس کا حق دار ہوں۔