• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

120 گاڑیوں کے پروٹوکول میں گھومنے والی تنزانیہ کی صدر کا حکام کو بس میں سفر کرنے کا حکم

120 گاڑیوں کے پروٹوکول میں گھومنے والی تنزانیہ کی صدر نے حکام کو بس میں سفر کرنے کا حکم  دے دیا۔

تنزانیہ کی صدر سامیا سولوہو حسن نے ملک میں ایندھن کی شدید قلت اور قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئےاہم فیصلہ کرتےہوئے حکام کو سرکاری دوروں پر الگ الگ گاڑیاں استعمال کرنے کی بجائے ایک ہی بس میں سفر کرنے کا حکم دیا ہے۔

سامیا سولوہو حسن نے اپنے سرکاری قافلے میں شامل گاڑیوں کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ ان کے ساتھ سفر کرنے والے حکام اب ایندھن کی بچت کے لیے مشترکہ بسوں میں سفر کریں۔ ان کی جانب سے یہ اقدام مشرقی افریقی ملک میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

صدر تنزانیہ کو ان کے بڑے قافلے پر تنقید کا سامنا بھی رہا ہے، جس میں مبینہ طور پر درجنوں گاڑیاں شامل تھیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، تاہم اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم ایندھن کے استعمال میں کمی کا آغاز کر رہے ہیں، اور میں اس کی شروعات اپنے دفتر سے کر رہی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی میں سفر کرتی ہوں تو سینئر حکام اپنی اپنی گاڑیوں میں میرے پیچھے آتے ہیں۔ اب سے جہاں بھی میں جاؤں گی، وہ سب ایک ہی بس میں اکٹھے سفر کریں گے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی انتظامات جن میں پولیس اسکواڈ اور اضافی بیک اپ گاڑی شامل ہے برقرار رہیں گے۔

ان کی جانب سے  یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تنزانیہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ رجحان کئی افریقی ممالک میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کے باعث تجارتی راستے متاثر ہوئے ہیں اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید