قومی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے حالیہ بیان میں اپنے سابق شوہر پر بچوں سے لاتعلقی اور بے رخی کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔
ثانیہ اشفاق نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد میں اکیلے ہی اپنے 3 بچوں کی پرورش کر رہی ہوں جبکہ عماد وسیم کی جانب سے کسی قسم کی مالی معاونت نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ عماد وسیم نے اپنے نومولود بیٹے سے صرف ایک بار ملاقات کی، وہ بھی اس وقت جب میں خود زبردستی بچے کو ان سے ملوانے لے کر گئی تھی۔
ثانیہ اشفاق کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا زیان خود کو نظر انداز اور تنہا محسوس کرتا ہے کیونکہ اس کے والد نے کبھی اس سے ملنے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران اپنی موجودہ زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے بچوں کی پرورش خود کر رہی ہوں اور اس صورتِ حال نے مجھے شدید صدمہ پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نائلہ راجہ سے براہِ راست بات نہیں کی، نائلہ نے عماد وسیم سے میرا نمبر بلاک کروایا ہے تاکہ وہ بچوں سے دور رہیں۔
یاد رہے کہ عماد وسیم نے حال ہی میں سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ سے شادی کی ہے، جن کے ساتھ ان کے تعلقات اس وقت سامنے آئے جب وہ پہلے سے شادی شدہ تھے۔
واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019ء میں ہوئی تھی جبکہ ان کی طلاق دسمبر 2025ء میں ہوئی تھی۔