بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک مشکل دور کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پہلی اہلیہ رینا دتہ سے علیحدگی کے بعد میں شدید جذباتی دباؤ کا شکار ہو گیا تھا اور اس دوران میں نے شراب نوشی کا سہارا لیا تھا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ میں پہلے کبھی شراب نہیں پیتا تھا، تاہم طلاق کے بعد جب رینا دتہ بچوں کے ساتھ گھر چھوڑ کر گئیں تو میں خود کو سنبھال نہ سکا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس رات میں نے پہلی بار باقاعدہ شراب پی اور پھر تقریباً ڈیڑھ سال تک روزانہ شراب نوشی کرتا رہا۔
عامر خان کے مطابق میں پہلے بالکل شراب نہیں پیتا تھا، لیکن علیحدگی کے بعد جذبات پر قابو نہیں رہا، میں نے تقریباً ہر رات ایک پوری بوتل تک پی ہے، جو میرے لیے انتہائی غیر معمولی بات تھی۔
واضح رہے کہ عامر خان اور رینا دتہ نے 1986ء میں شادی کی تھی اور 2002ء میں علیحدگی اختیار کر لی، دونوں کے 2 بچے جنید خان اور آئرا خان ہیں۔
بعد ازاں عامر خان نے 2005ء میں ہدایت کار کرن راؤ سے شادی کی، تاہم یہ رشتہ بھی 2021ء میں ختم ہو گیا، البتہ دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش جاری رکھے ہوئے ہیں۔